متھرا، 14؍جولائی(آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے متھرا ضلع میں مظاہرے کے نام پر ضلع ہیڈکوارٹر پر واقع ایک سرکاری باغ پر قبضہ جمائے بیٹھے قابضوں کو ہٹانے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران ہوئے تصادم کے وقت بھیڑ سے گھر گئے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو چھوڑ کر راہ فراراختیارکرنے والے نجی سیکورٹی اہلکار اور چار سپاہیوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔اس کارروائی میں ایس پی(سٹی )مکل دویدی اور فرح کے تھانہ انچارج غیرقانونی قابضوں کے حملے میں شہید ہو گئے تھے اور 27دوسرے لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ببلو کمار نے بتایا کہ واقعہ کے بعد سبھی پہلوؤں پر چل رہی محکمہ جاتی جانچ میں ایس پی(سٹی )مکل دویدی کے ساتھ چل رہی سیکورٹی ٹیم کے پانچوں اراکین کو قصوروار مانتے ہوئے معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حتمی جانچ رپورٹ آ جانے کے بعد حقائق کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔فی الحال، ایس پی(سٹی )کی سیکورٹی کے لیے ذمہ دار ان کے گنر بھوپندر سنگھ، ان کے ساتھی سپاہیوں تھانہ مگورا کے کوشلیندر، ریفائنری کے رام سنگھ، فرح کے لالتا پرساد اور ہائی وے کے سپاہی پردیپ کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جانچ کے مطابق، یہ محسوس کیا گیا ہے کہ اگر سپاہیوں نے بھاگنے کے بجائے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ حملہ آوروں کا مقابلہ کیا ہوتا تو افسر کی جان نہیں جاتی اور واقعہ کو بھی اتنی بھیانک شکل اختیار کرنے سے روکا جا سکتا تھا۔اگر وہ لوگ کچھ منٹ کے لیے بھی حملہ آوروں کا سامنا کرنے کی ہمت جٹا لیتے تو ان کو پیچھے سے تو پولیس اور انتظامی افسران کی مدد ملنے ہی والی تھی۔تب ان کی بھی جان مصیبت میں نہ پڑتی اور نہ ہی ایس پی (سٹی )مکل دویدی حملہ آوروں کے درمیان اکیلے گھرکر اس طرح مارے جاتے۔